• news

کرونا ٹیسٹ منفی، وزیراعلیٰ صحتیاب ،مزید محنت اور جذبے سے عوامی خدمت جاری رکھیں گے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ  عثمان بزدار کرونا سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کرونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔  عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی دعاؤں سے کرونا سے صحت یاب ہوا ہوں۔ دعاؤں پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کرونا کے دوران بھی سرکاری امور نمٹاتا رہا۔ دوبارہ مزید محنت اور جذبے سے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ کرونا خطرناک مرض ہے، احتیاط کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔ شہری ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کریں۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ  پی ڈی ایم سارا زور این آر او کیلئے لگا رہی ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے انہیں این آر او کبھی نہیں ملے گا۔ اپوزیشن کی تحریک کا کوئی مقصد نہیں۔ پی ڈی ایم کا ایجنڈا صرف اور صرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔ پاکستانی عوام عاقبت نااندیش عناصر کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ معیشت درست ٹریک پر آ چکی ہے کرونا  کے باوجود کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آ رہی ہے۔ عوام ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں افراتفری نہیں۔ 22 کروڑ عوام بے مقصد احتجاج سے لاتعلقی کر چکے ہیں اور پاکستانی عوام کسی کو ترقی کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ عثمان بزدار نے پشاور  کے علاقے  کوہاٹ روڈ پر دستی بم پھٹنے،  مانسہرہ میں گیس لیکیج کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن