او آئی سی کا آسیہ اندرابی کی رہائی کا بیان‘ پاکستان کا خیر مقدم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے بھارت کی قید میں موجود آسیہ اندرابی کی رہائی کیلئے اسلامی کانفرنس تنظیم کی طرف سے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بھارت نے آسیہ اندرابی کو ان کی دو ساتھیوں سمیت ڈیڑھ دھائی سے غیر قانونی حراست میں لے رکھا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھی، بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل جھوٹے الزامات کی بنیاد پر قید ہیں۔ واضح رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم نے بھارت کی تہاڑ جیل میں کشمیری رہنما آسیہ اندرابی اور ان کی دو معاونین کے غیرقانونی قید اور صحت کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کے انسانی حقوق کمشن نے اپنے بیان میں کہا کہ آسیہ اندرابی کو جیل میں رکھنا غیرانسانی اور غیرقانونی ہے۔کمشن نے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی کالے قوانین کے تحت صحافیوں ،سیاسی کارکنوں اور عام افراد کو حراست میں لیا جاتا ہے۔کمیشن نے اقوام متحدہ ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے پر زور دیا کہ وہ آسیہ اندرابی ان کی معاونین اور دیگر سیاسی قیدیوںکی رہائی میں کردار ادا کرے۔کمشن نے مطالبہ کیا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی بنیادی خلاف ورزیاں فوری روکی جائیں اور اقوام متحدہ کی نگرانی میں ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن کو تحقیقات کے لئے رسائی دی جائے۔