• news

 گوادر پر کارگو ٹریفک کی تیز تر ترسیل اور کلیئرنس کو یقینی بنانا ہو گا: صدر مملکت

اسلام آباد ‘کوئٹہ(سپیشل رپورٹ‘بیورورپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر پورٹ کے دورے کے دوران کہا ہے کہ گوادر پورٹ فری زون ایریا کو افغانستان اور بلوچستان کے درمیان تجارت کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر نے کہا کہ گوادر بندرگاہ پر کارگو ٹریفک کی تیز تر ترسیل اور کلیئرنس کو یقینی بنانا ہو گا۔ صدر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی سرگرمیوں میں درپیش مشکلات اور رکاوٹوں کو اتفاق رائے اور شراکت داروں کے مشورے کے بعد دور کرنے کی کوشش کی جائے۔ صدر نے یہ ہدایت بھی کی کہ متعلقہ اداروں کو گوادر ماسٹر پلان میں مقامی ماہی گیروں کی ضروریات کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔ صدر نے کہا کہ گوادر جیسے اہم قومی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ویژن اور حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ صدر نے گوادر میں چین بزنس سینٹر تعمیر کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ صدر کو گوادر پورٹ پر چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر خان کاشانی، ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی شاہ زیب خان کاکڑ نے بریفنگ دی۔ صدر کو بتایا گیا کہ 19 کلومیٹر طویل استابے ایکسپریس وے کوسٹل ہائی وے کو گوادر سے منسلک کرے گی جس سے کارگو کی ترسیل میں سہولت ملے گی۔ صدر کو یہ بھی بتایا گیا کہ ساٹھ ایکڑ پر ایک فری زون بنایا جا رہا ہے جس میں تفریحی، سہولتیں، ہسپتال سکول اور صنعتیں قائم ہونگی۔

ای پیپر-دی نیشن