آئندہ چیئرمین سینٹ بھی پاکستان تحریک انصاف سے ہی ہوگا: گورنر پنجاب
لاہور (آئی این پی ) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ آئندہ چیئرمین سینٹ بھی پاکستان تحریک انصاف سے ہی ہوگا، اپوزیشن ہر محاذ پر ناکامی کے بعد 'محفوظ راستے' کی تلاش میں ہے۔ گورنر پنجاب سے رکن اسمبلی طلعت نقوی اور پارٹی وفود نے ملاقاتیں کیں ۔ اس موقع پر چودھری سرور نے کہا کہ 31 جنوری آ رہا ہے سب دیکھیں گے، اپوزیشن کے استعفے نہیں آئینگے، پی ڈی ایم پریشان ڈیموکر ٹیک موومنٹ بن چکی ہے، پی ڈی ایم سیاسی طور پر زندہ رہنے کیلئے ہاتھ پاں مار رہی ہے، لانگ مارچ کا اپوزیشن کا اعلان بھی آخر کار لانگ ہی ہو جائے گا۔ چودھری سرورت کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو خود ہی پتہ نہیں وہ اسمبلیوں سے استعفے کب دے گی، ملک دشمن عناصر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنیکی سازشیں کر رہے ہیں، آج ملک میں امن و استحکام کیلئے سب کو ملکر کام کر نے کی ضرورت ہے، (ق)لیگ سمیت تمام اتحادی حکومت کیساتھ متحد کھڑے ہوئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان اصولی اور نظر یاتی سیاست کر رہے ہیں، نیب سمیت تمام ادارے مکمل آزادی کیساتھ کام کر رہے ہیں۔