• news

 چین جنوبی ایشیا کے علاوہ بحر ہند میں بھی فٹ پرنٹ بڑھا رہا ہے: بھارتی دانشور

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) اس بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ جنوبی ایشیا میں چین کا اثر و رسوخ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ بھارتی دانشور پروفیسر ہرش وی پان نے جو بھارتی تھنک ٹینک، آبزرور ریسرچ فائونڈیشن کے ڈائریکٹر ہیں، نے اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ چین اب جنوبی ایشیا کے علاوہ بحر ہند میں بھی اپنا فٹ پرنٹ بڑھا رہا ہے۔ ہندوستان ٹائمز میں شائع ہونیوالے مضمون میں پروفیسر نے لکھا ہے کہ پاکستان اور چین افغانستان میں ایک دوسرے کیساتھ تعاون کر رہے ہیں جس سے بھارت کیلئے افغانستان میں مشکل صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ چین پورے خطے میں جیو پولیٹیکل اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے۔ بھارتی پروفیسر نے کہا ہے کہ چین جنوبی ایشیا کے ملکوں میں حکومتوں کے بنانے اور بگاڑنے میں بھی اپنا کردار ادا کرنے لگا ہے۔ اس ضمن میں اس نے نیپال کی مثال دی ہے جہاں نیپال کی حکمران کیمونسٹ پارٹی میں پیدا ہونیوالے اختلافات چین ختم کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ جنوبی ایشیا کے ملک چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور اس کی معاشی ترقی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اس لئے وہ چین سے اپنے تعلقات بہتر بنا رہے ہیں۔ اس سے پہلے جنوبی ایشیا میں پاکستان اور بھارت بڑے کھلاڑی تھے اب چین جنوبی ایشیا کا ایک بڑا پلیئر بن چکا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن