محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے ریچھ اور بندر نجی تحویل میں رکھنے پر پابندی لگا دی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)محکمہ جنگلی حیات نے ریچھ اور بندرکو نجی تحویل میں رکھنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ صوبائی کابینہ نے اس تجویز کی منظوری دے دی ہے۔ محکمہ جنگلی حیات کی طرف سے آئندہ چند روز میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ محکمہ جنگلی حیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مدثر حسن نے بتایا کہ چند برس قبل ریچھ اور بندر کو وائلڈ لائف ایکٹ کے شیڈول ون سے نکال کر تحفظ شدہ جنگلی جانوروں کے شیڈول تھری میں شامل کیا تھا۔ پنجاب وائلڈ لائف ذرائع کے مطابق ماضی میں ریچھ اور بندر کو نجی تحویل میں رکھنے کے لیے لائسنس جاری ہوتے تھے تاہم اب نئے فیصلے کے بعد پرانے تمام لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے۔ یہ اقدام پنجاب وائلڈ لائف بورڈ کے اجلاس کے فیصلے کے تناظر میں کیا گیا ہے جس میں ریچھ اور بندر کو نجی تحویل میں رکھنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔