سرگودھا: 2 سالہ بچہ گندے پانی میں ڈوب کر جاں بحق
سرگودھا (نامہ نگار) سرگودھا کے قصبہ سلانوالی میں دو سالہ بچہ گندے پانی میں گر کر جاںبحق ہو گیا جس کی نعش جوہڑ سے ملنے پر اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گے۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا کی تحصیل سلانوالی کے محلہ میں گزشتہ روز دو سالہ زید اچانک گھر سے باہر نکلا تو گھر کے باہر کھلے گندے پانی کے جوہڑ میں گر گیا جس کے لاپتہ ہو جانے کے خدشہ پر اہل خانہ ڈھونڈتے رہے جن کو یہ نہیں معلوم تھا کہ ان کا لخت جگر گھر کے باہر موجود گندے پانی میں گرکر ڈوب چکا ہے۔ جس کے بارے معلوم ہونے پر پولیس نے نعش جوہڑ سے نکال کر ورثاء کے حوالے کر دی۔ تاہم دو سالہ بچے کی اچانک نعش دیکھ کر ماں صدمہ سے بے ہوش ہوگئی اور وقوعہ پر موجود لوگوں نے واقعہ پر شدید احتجاج کیا۔ اور واقعہ کو انتظامیہ کی غفلت قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔