کسی بدمعاش‘ قبضہ گروپ کو لاہور میں نہیں رہنے دیں گے: سی سی پی او
لاہور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ لاہور ہم سب کا شہر ہے جس میں کوئی قبضہ گروپ اور بدمعاش نہیں رہے گا۔ پولیس آپ کی فون کال پر دستیاب ہوگی۔ سٹریٹ کرائم کیلئے خصوصی پٹرولنگ سسٹم بنایا گیا ہے جبکہ جرائم کے سدباب کیلئے کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جائے گا۔ کریمنلز لاہور چھوڑ جائیں۔ اب کلاشنکوف کلچر ختم ہو گا۔ رٹ آف دی سٹیٹ کو ہر صورت قائم کیا جائے گا۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جایئں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں کیا۔ غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ سماج دشمن عناصر، غنڈوں، نقص امن کا باعث بننے والوں، قانون ہاتھ میں لینے والوں کو شہر چھوڑ جانا چاہیے۔ شہر میں رٹ آف سٹیٹ ہر صورت قائم کی جائے گی۔ کلاشنکوف کلچر، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرکے خوف و ہراس پیدا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ ہم اس شہر کا امن کسی صورت برباد نہیں ہونے دیں گے۔ سربراہ لاہور پولیس کا کہنا تھا کہ شہریوں کو مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہوگا۔ کوئی بھی اہلکار رشوت ستانی میں ملوث پایا گیا تو اس کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اختیارات سے تجاوز اور شہریوں کو غیر قانونی حراست میں رکھنے والوں کو بھی نشان عبرت بنایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کے رویوں میں واضح تبدیلی لائی جائے گی۔ دریں اثنا سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے ڈی ایس پی اقبال ٹائون دفتر اور سی آئی اے ماڈل ٹاون کا سرپرائز وزٹ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن عبدالغفار قیصرانی بھی موجود تھے۔ سی سی پی او نے حوالات میں موجود ملزمان سے بھی بات چیت کی۔ سی آئی اے ماڈل ٹاون کے افسران نے سی سی پی او کو ملزمان کی گرفتاری کے بارے میں بریفنگ دی۔ غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ غیر قانونی حراست اور تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس ورکنگ میں بہتری بنانے کے لیے تمام وسائل بر وقار لائے جا رہے ہیں۔