• news

وزیراعظم‘ وزیراعلیٰ کی شوگر مل نہیں‘ مافیا کو ملیا میٹ کیا جائیگا: فردوس عاشق 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب  میں سے کسی کی شوگر مل نہیں۔  شوگر مافیا، آٹا مافیا، گندم مافیا، قبضہ مافیا جہاں جہاں مافیا ہے اس کا سر کچلنے کا اعزاز وزیراعظم کو حاصل ہے۔ وزیراعظم نے عوام کا خون چوسنے والے ہر مافیا کو ملیا میٹ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ پی ڈی ایم کے استعفے کسی کام کے نہیں رہے، انہیں فنگس لگ چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید کے ہمراہ پنجاب سوشل سکیورٹی ہیڈ آفس  میں ادارہ کی دو سالہ کارکردگی بارے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی کالونی  لاہور کے بی بلاک میں شوباز شریف کے درباریوں  کے قبضے ختم کریں گے اور ضلع کی سطح پر صحافی برادری کیلئے کالونیاں بنائیں گے۔ صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید غوری نے کہا کہ موجودہ حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے 10 سال بعد 2019ء میں ورکررز ویلفیئر فنڈ ایکٹ پاس کرایا۔ اس بل سے ورکرز اور ان کی فیملیز کو گرانٹس کیلئے کئی سالوں تک انتظار نہیں کرنا پڑیگا۔ فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرپشن کے مگر مچھ پی ڈی ایم کی چھتری تلے جمع ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ  عثمان بزدار کی صحت بہت بہتر ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کرونا کا کوئی ٹیسٹ نہیں ملا۔ میڈیا اس ضمن میں قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔

ای پیپر-دی نیشن