3 ہفتے میں تھوک سطح پر چینی 20 روپے کلو مہنگی‘ گھی‘ آئل کی قیمتیں بھی تیز رفتار
لاہور (کامرس رپورٹر) گزشتہ تین ہفتوں کے دوران تھوک سطح پر ایک کلو چینی کی قیمت میں 20 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے جس کے نتیجہ میں چینی کی قیمت میں اضافہ کو ملک کے کسی حصہ میں نہیں روکا جا سکا۔ مقامی تھوک مارکیٹ کے تھوک ڈیلروں نے کہا ہے کہ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو تاریخ میں پہلی بار کسی چینی کے سیزن کے دوران چینی کی قیمتیں 100 روپے کلو کا ہندسہ عبور کر لیںگی۔ اس وقت ایک کلو چینی کی تھوک قیمت 88روپے ہے۔ قبل ازیں گندم کی کے معاملہ میں گزشتہ مالی سال کے دوران یہ ریکارڈ قائم ہوا تھا کہ سیزن کے دوران ہی گندم کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں تھیں۔ جبکہ پرچون میں چینی کی قیمت پہلے ہی 90 اور 100 روپے کے درمیان ہے۔ سرکاری طورپر جاری نرخنامہ کے مطابق تھوک مارکیٹ میں گزشتہ روز چینی کا فی کلو ریٹ 81 روپے جبکہ تھوک مارکیٹ کے ڈیلروں کا کہنا ہے کہ منڈی میں چینی کا فی کلو ریٹ 90 روپے کو چھو رہا ہے۔ جبکہ گھی اور آئل کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں۔ یہ امر واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران گھی اور آئل کے پیکٹ میں 15 سے 20 روپے تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اسی طرح دیگر اشیا کی قیمتیں بھی ہر گزرتے دن کیساتھ بڑھ رہی ہیں۔ لیکن وفاقی اور صوبائی سطح پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کا پتہ نہیں چل رہا اور نہ ہی روز مرہ اشیاء بالخصوص خوراک سے متعلقہ اشیاء کی قیمتوںکو کنٹرول کرنے کے لئے حکومتی سطح پرکوئی ٹھوس حکمت عملی نظر آ رہی ہے۔ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی تاہم گزشتہ روز بھی اوپن مارکیٹ میں کہیں بھی سبزیاں اور پھل سرکاری نرخوں پر فروخت نہیں ہوئے۔ اور سرکاری نرخوں کے مقابل ان کے ریٹ 10 روپے سے لے کر 50 روپے فی کلو تک زیادہ تھے۔