• news

سرگودھا: پڑوسی ملک سے آپریٹ ہونیوالا تخریبی منصوبہ ناکام،7 دہشتگرد گرفتار

سرگودھا(نامہ نگار )محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی ) نے سرگودھا میں ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 7  دہشت گردوں کوگرفتار کرلیا۔جن سے پڑوسی ملک کے ایجنٹ ہونے کے بارے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے سرگودھا اور گردونواح میں آپریشن میں سات مبینہ  دہشت گردوں کو گرفتار کر کے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر کے ملزمان سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے  خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ ملک میں فرقہ وارانہ وارداتیں کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے اور سرگودھا میں ایک تنظیم کے لیڈر کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتے تھے اور دوران کاروائی دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور انہیں گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے دستی بم، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماسٹر مائنڈ محمود اقبال دہشت گردوں کو پڑوسی ملک بھارت سے آپریٹ کر رہا تھا اور انٹرپول کی مدد سے ماسٹر مائنڈ دہشت گرد کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔اس کاروائی میں گرفتار ملزمان میں مشرف، شاہد، نیاز عدیل، اسلم، بشارت اور محمد علی بتلائے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن