ڈگری جاری نہ کرنے پر طالبہ کی جی سی یونیورسٹی کیخلاف درخواست کا ہائیکورٹ نے سینڈیکیٹ میٹنگ کی تاریخ سے متعلق رپورٹ مانگ لی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے طالبہ مریم رانی کو بی ایس آنرز کی ڈگری جاری نہ کرنے پر جی سی یونیورسٹی کے خلاف درخواست پر سینڈیکٹ میٹنگ کی تاریخ سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔ جی سی یونیورسٹی نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کی مخالفت کردی۔ جی سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی ہدایت کی خلاف ورزی کی گئی ہے اپیل سینڈیکیٹ میں کی جانی چاہیے۔ الحاق شدہ کالج کے واجب الادا رقم موجود ہے جس کی وجہ سے مسائل ہیں۔ مریم رانی جی سی یونیورسٹی ایم فل کی طالبہ ہیں اور اس کا تھیسز ابھی رہتا ہے۔ جامعہ میں طالبہ ہونے کی وجہ سے ابھی ڈگری کی ضرورت نہیں ہے۔ فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ ڈگریوں کے حوالے سے کیا کام کیا ہے جس پر جامعہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جامعہ سے ہدایت لینے کی مہلت دی جائے۔