شعیب سڈل کی سربراہی میں کمشن کا ملتان میں پرہلاد مندر کا دورہ
ملتان (سپیشل رپورٹر) سپریم کورٹ کے حکم پر مندروں کی صورتحال جانچنے کے لئے بنائے گئے کمیشن نے گزشتہ روز قلعہ کہنہ قاسم باغ پر واقع پر ہلاد مندر کا دورہ کیا،شعیب سڈل کی سربراہی میں تشکیل دیئے گئے کمیشن میں رمیش کمار ایم این اے اور ثاقب گیلانی شامل ہیں،اس موقع پر سیکرٹری اوقاف پنجاب ندیم الرحمان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی،متروکہ وقف املاک اور محکمہ اوقاف کے ایڈمنسٹریٹرز بھی موجودتھے۔کمیشن نے پر ہلاد مندر کا معائنہ کیا،مندر کے ایریا،نگرانی اور بحالی کے بارے دریافت کیا۔کمیشن اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گا،اس موقع پر رمیش کمار ایم این اے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر کمیشن کی تشکیل اقلیتوں کے لئے امید کی کرن ہے،پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے،پاکستان میں رہنے والے تمام مذاہب کے لوگ اسی دھرتی کے بیٹے ہیں،تمام مسالک اور مذاہب کو مل کر پاکستان کے استحکام اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،رمیش کمار نے کہا کہ پرہلاد اور کٹاس راج سمیت چار مندروں کو ہندو مذہب میں انتہائی اہمیت حاصل ہے،انگلاج ماتا بلوچستان اور شری مہاراج مندر بھی ان میں شامل ہیں،ہولی اور دیوالی ہندو مذہب کے دو اہم تہوار ہیں،صدیوں پہلے ہولی تہوار کی ابتداء پرہلاد مندر ملتان سے شروع ہوئی تھی،پرہلاد مندر ایک تاریخی ورثے کی حیثیت رکھتا ہے،توقع ہے کہ اس تاریخی ورثے کی بحالی کا کام شروع کیا جائے گا،اس تاریخی ورثے کی بحالی سے ملکی اور بین الاقوامی سیاحت کو فروغ ملے گا،اس اقدام سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے امیج اور وقار میں اضافہ گا جب کہ سیاحت کے فروغ سے وطن عزیز میں معاشی خوشحالی بھی آئے گی۔