بلاول زرداری، مریم نواز نے ہزارہ کمیونٹی کے دھرنے کو پی ڈی ایم کا دھرنا بنا دیا‘ حلیم عادل شیخ
کراچی (این این آئی) تحریک انصاف کے رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا بلاول زرداری، مریم صفدر، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آج کوئٹہ گندی سیاست کے لئے گئے تھے۔فاتحہ کرنا اچھی بات ہے دکھ بانٹنا چاہیے، لیکن یہ لوگ متاثرین کے دھرنے کو پی ڈی ایم کا دھرنا بناکر آئے ہیں۔ ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ ہیں ہمارے وزیر داخلہ شیخ رشید، وفاقی وزراء علی زیدی، زلفی بخاری، قاسم سوری، سمیت سیکیورٹی اداروں کے سربراہ بھی وہاں جاکر متاثرین سے مل چکے ہیں مکمل انصاف دلوانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ پوری حکومت ان شہداء کے ورثا کے ساتھ کھڑی ہے۔