سعودی سفیر کی ملاقات‘ دفاعی تعاون کا دائرہ کار مثالی ہے: سیکرٹری دفاع
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان میں متعین سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے سیکرٹری دفاع، لیفٹیننٹ جنرل (ر) میاں محمد ہلال حسین سے وزارت دفاع میں ملاقات کی۔ سیکرٹری دفاع نے سفیرکا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کا دائرہ کار مثالی ہے۔ دونوں ممالک مزید تعاون کی وسعت کے لئے کوشاں ہیں۔ نواف بن سعید المالکی نے ان جذبات کا والہانہ جواب دیتے ہوئے دفاعی تعاون کو مزید تنوع اور دفاعی پیداوار کے میدان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی میں اضافہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان آرمڈ فورسز کے تربیتی اداروں میں قائم معیار کو برقرار رکھنے والی فوجی تربیت کو سراہا۔ سیکرٹری دفاع نے سعودی سفیر کو سی پیک منصوبوں کے ذریعہ علاقائی معاشی تعاون سے پیدا ہوئے والے مواقع سے آگاہ کیا۔ سفیر نے پی او ایل سیکٹر میں سرمایہ کاری میں سعودی دلچسپی کو اجاگر کیا اور مستقبل قریب میں ٹھوس پیشرفت کی امید ظاہر کی۔