• news

ہزارہ مظلوموں کیساتھ‘ دشمن قوتیں فرقہ ورانہ  تشدد چاہتی ہیں: طاہر اشرفی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) نمائندہ خصوصی وزیر اعظم  برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور  چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے  کہا کہ مساجد امن، سلامتی، اعتدال، محبت اور رواداری کے مرکز ہیں۔ مساجد سے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کا درس ملنا چاہیے۔ بحریہ ٹائون میں دارالافتاء اور امن سینٹر کے قیام  سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ بحریہ ٹائون کی مساجد فرقہ وارانہ تشدد سے پاک ہیں۔ ہزارہ کے مظلوموں کے ساتھ ہیں۔ وزیر اعظم کوئٹہ جانے کیلئے تیار ہیں۔ افغان حکومت نے مچھ میں قتل ہونے والے افغان باشندوں کی لاشیں مانگی ہیں۔ یہ بات انہوں نے بحریہ ٹائون میں جامعہ مسجد ریاض کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کی بقاء  اور سلامتی کی ضامن قرآن و سنت کی تعلیمات ہیں۔ بحریہ ٹائون انتظامیہ اور اس کے مالکان ملک ریاض اور ان کے صاحبزادے مبارکباد کے مستحق ہیں کہ بحریہ ٹائون کا مساجد سسٹم ہر قسم کی فرقہ واریت سے پاک ہے۔ بحریہ ٹائون میں دارالافتاء اور تمام مذاہب و مکاتب فکر سے مکالمہ کیلئے سینٹر بنایا جا رہا ہے۔ بحریہ ٹائون انتظامیہ حج و عمرہ پر جانے والوں کیلئے عربی زبان کے آسان کورسز کا بھی اہتمام کر رہی ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں ملک میں فرقہ وارانہ تشدد چاہتی ہیں۔  وزیر اعظم کے حکم پر تمام مطالبات تسلیم کیے جا چکے ہیں۔ باہمی اتحاد  سے ہی دشمن کی سازشوں کوناکام بنایا جا سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن