• news

نصف سے زائد انڈین فوج شدید اعصابی دباؤ کا شکار ہے: بھارتی تھنک ٹینک

نئی دہلی (اے پی پی) بھارت کے ایک معروف تھنک ٹینک نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فوج ہر سال خودکشیوں اور دیگر ناخوشگوار واقعات کی وجہ سے اپنے اہلکار کھو رہی ہے اور گزشتہ دو دہائیوں کے دوران فوجیوں کے اعصابی تناؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تھنک ٹینک یونائٹڈ سروسز انسٹیٹیوشن نے اپنی تحقیق میں کہا اس وقت بھارت کی نصف سے زائد فوج پیشہ ورانہ وجوہات کی وجہ سے شدید اعصابی دباؤ کا شکار ہے۔ تھنک ٹینک گزشتہ سال اکتوبر میں انسداد دہشت گردی کے طویل ماحول میں بھارتی فوج میں موجود اعصابی تناؤ کے موضوع پر ایک سیمینار کے نتائج پر ایک کتاب مرتب کر رہا ہے۔ تحقیق میں نشاندہی کی گئی ہے کہ جونیئر کمیشنڈ افسروں اور اہلکاروں میں اعصابی تناؤ کی بنیادی وجوہات میں چھٹی دینے میں تاخیر یا انکار، سینئر کی طرف سے تحقیر کا نشانہ بنایا جانا، ضرورت سے زیادہ مصروفیات، گھریلو مسائل، موبائل کے استعمال پر غیر مناسب پابندی، تفریحی سہولیات میں کمی اور سینئرز کے ساتھ جھگڑے، ہٹ دھرمی، صحت کے مسائل، ٹرین کی ریزرویشن نہ ہونا، انتظامی معاونت میں کمی، مالی مشکلات، ترقیوں میں غیر شفافیت اور ناقص خوراک کی فراہمی شامل ہے۔ یاد رہے کہ جنوری 2007ء سے اب تک بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں 486 بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔ جبکہ ساتھی فوجیوں کی فائرنگ میں سینکڑوں اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔ ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کشمیر میں طویل عرصہ تک اپنے خاندان سے دور رہنے، چھٹی نہ ملنے اور افسروں کے توہین آمیز رویے کی وجہ سے بھارتی فوجیوں میں مایوسی اور اعصابی تناؤ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن