فردوس شمیم نقوی اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کے عہدہ سے مستعفی
کراچی (وقائع نگار/نیوز رپورٹر) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی مستعفی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفی وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے فردوس شمیم نقوی سے استعفی طلب کیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ پی ٹی آئی سندھ میں کھل کر اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔ سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سے استعفی لینے کے بعد حلیم عادل شیخ کو اپوزیشن لیڈر بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔ گورنر سندھ نے وزیراعظم کا پیغام فردوس شمشم نقوی کو پہنچایا۔ فردوس شمیم نقوی کو ہٹا کر حلیم حادل کو سندھ کا اپوزیشن لیڈر بنائے جانے کا امکان ہے۔ دریں اثناء رہنما تحریک انصاف فردوس شمیم نقوی نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ادنی کارکن ہوں۔ میری پہلی اور آخری جماعت تحریک انصاف ہے کہیں نہیں جا رہا ہے۔ ہم تمام ارکان اسمبلی متحد ہیں۔ کچھ وجوہات بیان نہیں کر رہا۔ وقت آنے پر سامنے آ جائیں گی۔ وزیراعظم کو استعفی دے چکا ہوں۔