امریکی وفد کی جی ایچ کیو آمد، خطے کے سیکورٹی امور، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان اور امریکہ کے درمیان سٹریٹجک سطح کے دفاعی مذاکرات کے بارے میں دو طرفہ، باضابطہ مشاورت کا دور ، جی ایچ کیو میں منعقد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انڈو بحرالکاہل سیکورٹی کیلئے امریکی محکمہ دفاع کے اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ ڈیوڈ ہالوے اور بری فوج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بالترتیب اپنے وفود کی کی قیادت کی۔ ایک روزہ مذاکرات کے دوران علاقائی سلامتی کے علاوہ دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اور ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو مزید فروغ دینے ، پر بات چیت کی گئی۔ وزارت دفاع کے بیان کے مطابق بات چیت خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی اور تجاویز کا تبادلہ کیا گیا۔ امریکی سفارت خانہ کے پریس ریلیز کے مطابق ڈیوڈ ہالوے نے افغانستان کے امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور افغانستان مین تشدد کم رکنے اور افغان حکومت و طالبان کے درمیان بامعنی بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ طویل المیعاد، باہمی طور پر مفید اور سیکورٹی تعلقات کی یقین دھانی کرائی اور انسداد دہشت گردی پر تعاون کے فروغ کے مواقع پر تبادلہ خیالات کیا۔