انسانیت سے عاری لوگ المیوں پر سیاست چمکا رہے، وزیراعظم مظلوموں کیساتھ ہیں: شبلی فراز
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بلیک میلنگ کا لفظ انہی لوگوں کیلئے استعمال کیا جو ہر معاملے پر سیاست کرتے ہیں۔ انسانیت سے عاری، بے حس وہ ہیں جو المیوں پر بھی سیاسی دکان چمکانے سے باز نہیں آتے۔ جمعہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ انسانیت سے عاری، بے حس وہ ہیں جو المیوں پر بھی سیاسی دکان چمکانے سے باز نہیں آتے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بلیک میلنگ کا لفظ انہی لوگوں کیلئے استعمال کیا جو ہر معاملے پر سیاست کرتے ہیں۔ وزیراعظم مظلوموں کے دکھوں میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانا اپنا اولین فریضہ سمجھتے ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ جمہوریت کے دعویدار درحقیقت موروثیت کے علمبردار ہیں۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے بلاول کو سلیکٹڈ چیئرمین ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کا بلا مقابلہ انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ جمہوریت کے دعویدار درحقیقت موروثیت کے علمبردار ہیں۔ انسانیت سے عاری، بے حس وہ ہیں جو المیوں پر بھی سیاست کرتے ہیں۔ شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ اپوزیشن سانحہ مچھ کے افسوسناک واقعہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے سیاسی یتیم ہزارہ کمیونٹی کے شہدا کی میتوں پر سیاست کر رہے ہیں۔ کیا مریم نواز ماڈل ٹاؤن واقعہ کے متاثرین سے ملاقات کیلئے گئی تھیں؟ وزیراعظم نے معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقے کیلئے مثالی اقدامات کئے۔مریم نواز کے چچا کی حکومت میں ماڈل ٹاؤن میں عورتوں پر گولیاں برسائی گئیں۔ وزیراعظم کے عہدے کی کچھ ذمے داریاں اور تقاضے ہوتے ہیں۔ ہزارہ برادری کے ہمدرد بننے والوں کے اصل چہرے دکھانا چاہتا ہوں۔ مظاہرین سے گزارش ہے کہ شہدا کی تدفین کر دی جائے۔ کام کافی حد تک آگے بڑھ چکا ہے۔ جلد قاتلوں تک پہنچ جائیں گے۔ تدفین نہ کرنا لاشوں کی بے حرمتی ہے۔