• news

حکمران مظلوموں کیساتھ شرطیں لگا رہے ہیں ، تدفین کے بعد جانے کا کیا فائدہ: مریم نواز

لاہور+کراچی (نیوز رپورٹر+وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم نے بے حسی کا مظاہرہ کیا۔ عمران خان مظلوموں کے ساتھ شرط لگا رہے ہیں، مردے دفنانے کے بعد جانے کا کیا فائدہ۔ قیامت ٹوٹ گئی ہے اور یہاں لاشوں اور مظلوموں سے مقابلہ کیا جا رہا ہے۔ یہ کہا گیا کہ عمران خان کا کوئٹہ نہ جانے کا سبب میڈیا کو نہیں بتایا جائے گا۔ عمران خان بزدل ہیں۔ عمران خان اگر سکیورٹی کی وجہ سے کوئٹہ نہیں گئے تو آپ کو سلیکٹ ہونے کی جلدی کیوں تھی۔ مریم نواز نے کہا کہ ہزارہ برادری سے متعلق وزیراعظم کا بیان انسانیت سے عاری ہے۔ میں سلیکٹرز سے بھی سوال کرتی ہوں کہ کیا 22 کروڑ عوام میں یہ ہی ایک سوغات ملی تھی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی برباد کر دی۔ گورننس کا ستیاناس کیا اور اب مظلوموں کو بلیک میلرز کا لیبل دے کر انسانیت کی توہین کی جا رہی ہے۔ جس کو کوئٹہ جانے کی اجازت نہیں مل رہی اسکی کیا حیثیت این آر او دینے کی۔ وزیراعظم کے پاس ڈرامے دیکھنے کا وقت ہے، متاثرین سے بات کرنے کا نہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم نے بے حسی اور انسانیت سے عاری باتیں کیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کر کے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ ہزارہ برادری کمزور طبقہ ہے جسے سکیورٹی کی ضرورت ہے لیکن آپ اس میں ناکام اور فیل ہوئے۔ مریم نواز نے کہا کہ ہمیں سبق نہ دیں کہ سیاست نہ کریں، سیاست نام ہی عوام کی خدمت کا ہے۔ عوام کی تقدیر ایسے شخص کے حوالے کردی گئی ہے جس نے معیشت کو تباہ کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن