• news

لانگ مارچ ہوتا نظر نہیں آ رہا: گورنر، جامعات سے متعلق  سمریوں کی منظوری 

 لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اگر لانگ مارچ کرے گی تو ہم رکاوٹ نہیں ڈالیں گے لیکن پی ڈی ایم کو لانگ مارچ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا یہ جتنی مرضی بھاگ دوڑ کرلیں آخر ان کو مذاکرات کی میز پر ہی آنا ہوگا۔ کوئی شک نہیں کہ اپوزیشن جماعتوں میں ایک واضح تقسیم ہے اور ہر کوئی اپنے سیاسی اور ذاتی مفادات کا تحفظ کرنا چاہتا ہے۔ سینٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا اپوزیشن کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ ملک میں مہنگائی سمیت دیگر چیلنجز موجود ہیں جن سے نمٹنے کے لئے حکومت تمام وسائل استعمال کررہی ہے۔وہ جمعہ کے روز گورنر ہاؤس،لاہورمیں مختلف اضلاح سے آنے والے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے جبکہ گورنر پنجاب نے سابق نگران وزیر اعلیٰ میاں افضل حیات کے انتقال پر اْن کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور تحریک انصاف کے رہنما راجہ اسد اقبال کی رہائش گاہ پرپارٹی کارکنان سے ملاقات بھی کی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مجھے پی ڈی ایم کا لانگ مارچ یا ملین مارچ ہوتا ہوا نظر نہیں آتا انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کے لئے پنجاب آب پاک اتھارٹی نے کام شروع کردیا ہے جو پنجاب بھر کے عوام کو پینے کا صاف پانی دینے کا وعدہ پورا کرے گی دریں اثناء  گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور  نے پنجاب کی یونیورسٹیوں کے معاملات پر متعدد سمریوں کی منظوری دے دی۔  گورنر پنجاب  نے لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ راشد، پروفیسر زوالوجی کو کنٹرولر امتحانات کا اضافی چارج دے دیا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد عنایت اللہ خاں، وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا کو راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کا ممبر نامزد کردیا۔علاوہ ازیں، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی آف فیصل آباد کے غلام غوث، اسسٹنٹ پروفیسر آف ڈیپارٹمنٹ آف ہسٹری اینڈ پاکستان سٹڈیز کو رجسٹرار کی پوسٹ کا ایڈیشنل چارج دے دیا جبکہ ڈاکٹر شوکت علی، ایڈیشنل رجسٹرار گورنمنٹ کالج یونیورسٹی(GCU) لاہور کو رجسٹرار کا لک آفٹر چارج دینے کے احکامات بھی جاری کردیئے۔گورنر پنجاب نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی ڈاکٹر زینب جہاں کو رجسٹرار کی اسامی کا اضافی چارج دے دیا مزید برآں،یونیورسٹی کے ڈاکٹر فیاض حسین کو خزانچی(Treasurer) کی آسامی کا اضافی چارج دے گیا ہے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات شہزاد احمد کو کنٹرولر امتحانات کا لک آفٹر(Look After)چارج دینے کی بھی منظوری دے دی۔

ای پیپر-دی نیشن