بلوچستان واقعات میں بھارت ملوث‘ سانحہ مچھ کے ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے: اعجاز شاہ
بچیکی (نامہ نگار) وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سمیت پوری قوم سانحہ مچھ پرغمزدہ ہے،بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے، واقعہ میں ملوث عناصرکوکیفر کردار تک پہنچائیں گے ،ملک بھر سے منشیات کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے،ملک میں 33فی صد افراد منشیات کے استعمال کی وجہ سے ذہنی بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں ،منشیات فروشی پر قابو نہ پایا گیا تو آئندہ سات سالوں کے اندر بچوں میں بیماریوں کی شرح میں 50 فیصد اضافہ ہو جائے گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواحی گائوں کوٹ فاضل میں تحریک انصاف کے رہنمائوں کی طرف سے ظہرانے میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کئی سال پہلے کی گئی پیشں گوئی کے مطابق ساری اپوزیشن ان کی مخالفت میں اکٹھی ہو گئی ہے،انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی کے خاتمے کے لئے بھرپور کاروائیاں کی جائیں گی،ہر پاکستانی منشیات کے خاتمے کے لئے اداروں اورحکومت کا ساتھ دے، اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ننکانہ صاحب کو ماڈل ضلع بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں،بابا گورونانک یونیورسٹی کے قیام سے نسلیں سنوریں گی اور علاقے میں تعلیمی انقلاب آئے گا ۔