• news

انتقام کی منفی سیاست سے تکبر کی بو آتی ہے: پرویز الٰہی

لاہور (نیوز رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی‘ وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی سے (ن) لیگ کے سابق ایم این اے دیوان عاشق بخاری نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر سابق ضلعی چیئرمین دیوان عباس بخاری اور جمشید بپی بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ انتقام کی سیاست منفی سیاست ہوتی ہے اس میں تکبر کی بو آتی ہے اور اللہ تعالیٰ کو تکبر پسند نہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں پہلے بھی عوام کی محرومیاں دور کرنے کیلئے عوامی فلاحی منصوبے مکمل کئے، آئندہ بھی موقع ملا تو انشاء اللہ ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر دیوان عاشق بخاری نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں چودھری پرویز الٰہی کے کاموں کو بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، عوام آج بھی آپ کے دور کو یاد کرتی ہے۔دریں اثناء چودھری شجاعت حسین اور  پرویز الٰہی نے سیٹھ عابد کے انتقال پر  گہرے رنج و غم کا اظہار کیا شجاعت حسین نے کہا کہ بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں ہوں گے کہ سیٹھ عابد کی پاکستان کے تحفظ و سالمیت کیلئے بہت سی خدمات ہیں ان کی یہ خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سیٹھ عابدذ کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور ان کے لواحقین و صبر جمیل عطا فرمائے۔

ای پیپر-دی نیشن