• news

پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑچکی، اپوزیشن کبھی ستعفے نہیں دیگی: عثمان بزدار

 لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ عوام نے اپوزیشن کے بے مقصد جلسوں اور ریلیوں کی منفی سیاست کو یکسر رد کر دیا ہے۔ اپوزیشن والے کبھی اسمبلیوں سے استعفیٰ نہیں دینگے۔استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ہے۔اپوزیشن عوامی مینڈیٹ کا احترام نہ کرکے جمہوری اقدار کی توہین کر رہی ہے۔ وزیر اعلی ٰعثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلود گریبانو ں میں جھانکیں۔مسترد شدہ عناصر محض سیاسی قد بڑھانے کیلئے تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں۔ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے عملاً اقدامات کئے۔ عمران خان کی صورت میں پاکستان کو کھرا اور مخلص لیڈر ملا ہے۔اڑھائی برس کے دوران وہ کام کئے جو سابقہ حکومتیں برس ہا برس نہ کر سکیں۔صوبے میں ون مین شو کاخاتمہ کیا ہے۔ترقیاتی منصوبے عوامی نمائندوں کی مشاورت سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر آل پنجاب اسسٹنٹ کمشنرز کانفرنس طلب کرلی گئی ہے -آل پنجاب اسسٹنٹ کمشنرز کانفرنس 20 جنوری کو دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں ہو گی -ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ارم بخاری آل پنجاب اسسٹنٹ کمشنرز کانفرنس کی صدارت کریں گی- لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اسسٹنٹ کمشنرز ذاتی حیثیت سے کانفرس میں شریک ہونگے جبکہ دیگر اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کریں گے -کانفرنس میں نچلی سطح پر عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات،فلاح عامہ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے گائیڈ لائنز دی جائیں گی- علاوہ ازیںوزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ سانحہ مچھ کے شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں - ہماری تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں اور پوری حکومت غم کی گھڑی میں ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑی ہے -بعض لوگوں نے اس سانحہ پر بھی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی- افسوس کا مقام ہے کہ ہزارہ برادری کا دکھ درد بانٹنے کی بجائے سیاست کی گئی۔ عثمان بزدار نے معروف کاروباری شخصیت و صنعتکار سیٹھ عابد حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن