رحمان ملک کی بڑی ہمشیرہ سیالکوٹ میں انتقال کر گئیں‘ بلاول کا اظہار افسوس
سیالکوٹ‘ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار‘ صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹر رحمان ملک کی بڑی ہمشیرہ نور صفیہ سیالکوٹ میں انتقال کر گئیں۔ رحمان ملک نے سوشل میڈیا پر اپنی ہمشیرہ کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی بہن کا انتقال گزشتہ شب دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔ سابق وزیر داخلہ نے بہن کے درجات کی بلندی کے لئے دعائوں کے ساتھ دوستوں، ساتھیوں سے کرونا کی وجہ سے سیالکوٹ نہ آنے کی درخواست ہے۔ نماز جنازہ نواحی گاؤں ساہووالہ میں ادا کی گئی جس میں سینیٹر رحمن ملک‘ بھائی خالد ملک‘ پیپلز پارٹی کے مقامی عہدیداروں‘ کارکنوں کے علاوہ عزیز و اقارب اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بتایا گیا ہے کہ مرحومہ کے سوگواروں میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے جو امریکہ میں ہے۔ رحمان ملک نے بتایا ہے کہ وہ تمام احباب کی تعزیتیں اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر منگل کو وصول کرینگے۔ دریں اثناء چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹر رحمان ملک سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ آپ کے غم میں برابر کا شریک ہوں،دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔