کپتانی کا پریشر نہیں ‘ویمنز کرکٹ لیگ بھی ہونی چاہئے : جویریہ خان
لاہور (نمائندہ سپورٹس )پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان نے کہاہے کہ بہت خوشی ہورہی ہے ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ کاآغاز ہورہا ہے، جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ سیریز سے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ میں مدد ملے گی۔ غیر ملکی کوچ کی نگرانی میں اچھی تیاری کی ہے، سیریز میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی ہیں ، 17رکنی سکواڈ کافی ہے ،دورہ مختصر ہے اس لئے بڑے سکواڈ کی ضرورت نہیں۔ کپتانی کا اضافی پریشر نہیں، صرف ذمہ داری بڑھ جاتی ہے،بیٹنگ ، بائولنگ اور فیلڈنگ کی اچھی تیاری کی ہے۔ ٹیم میں بسمہ معروف کی کمی محسوس ہوگی ، سینئرکا کوئی متبادل نہیں ہوتا۔ ویمنز کرکٹ لیگ بھی ہونی چاہیے، پی سی بی اس پر کام کر رہا ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کل 11جنوری کو جوہانسبرگ روانہ ہوگی۔