• news

احسن اقبال سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ داروں کا نام بتائیں:خرم گنڈاپور

 لاہور (پ  ر) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ احسن اقبال غیرت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کا نام بتائیں۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے پیچھے کوئی اور تھا تو 4 سال اپنے دور اقتدار میں اپنے منہ کو زپ کیوں لگا رکھی تھی؟ ہم  4 سال مسلسل سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش کا مطالبہ کرتے رہے اور اس کیلئے قانونی چارہ جوئی بھی کی۔ہمارے غیر جانبدار تفتیش کے مطالبے کی سب سے زیادہ مخالفت نواز شریف اور شہباز شریف نے کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار شہباز حکومت کو ٹھہرایا گیا۔نواز شریف اورشہبا ز شریف دونوں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے نامزد ملزم ہیں۔شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر اثر انداز ہوتے ہوئے مقدمہ تک درج نہ ہونے دیا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر بھی عدالت کے حکم پر درج ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آئی جی مشتاق سکھیرا کو راتوں رات بلوچستان سے پنجاب لایا گیا۔احسن اقبال بتائیں آئی جی پنجاب کو ہنگامی بنیادوں پر بلوچستان سے پنجاب کیوں لایا گیا اورڈی سی او لاہور کو کیوں تبدیل کیا گیا؟ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ضروری ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش کروائی جائے اور ملوث عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں سابق آئی جی مشتاق سکھیرا سمیت درجنوں پولیس افسران کو بطور ملزم طلب کر رکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن