• news

حکومتی کارکردگی ناکامیوں سے عبارت‘ قوم وزیراعظم سے ناامید ہو گئی‘ سراج الحق

لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی اب تک کی کارکردگی ناکامیوں سے عبارت ہے۔ مہنگائی کے عذاب سے عوام بے حال ، مافیاز قوم کو معاف کرنے کو تیار نہیں۔ وزیراعظم سے وابستہ قوم کی امیدیں ناامیدی میں تبدیل ہو گئی ہیں، ان کا ایک ہفتے بعد کوئٹہ کا دورہ کرنے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ اور پوری دنیا میں ملک کے لیے شرمندگی کا باعث بنا۔ پی ڈی ایم کا اپنا ایجنڈا اور اپنے سیاسی مقاصد ہیں۔ جماعت اسلامی اپنے طریقہ کار کے مطابق حکومت کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔ سینیٹ انتخابات قبل از وقت کروائے گئے تو ہوسکتاہے قومی اسمبلی کے الیکشن بھی پہلے ہو جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمر گرہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نئے سال کے پہلے ہفتے میں بنیادی ضرورت کی 22 اشیاء اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پی ٹی آئی کی حکومت کی طرف سے عوام کو سال کا پہلا تحفہ ہے۔ اشرافیہ اس ملک او ر اس کی عوام سے کون سا بدلہ لینا چاہ رہی ہے ، یہ پتا لگانا مشکل ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی اپنے طریقہ کار کے مطابق حکومت کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔ پہلے فیز میں کے پی میں جلسے کئے گئے‘ دوسرے فیز میں پنجاب میں جلسے جاری ہیں۔ سرگودہا میں بڑا عوامی اجتماع ہوگا۔ امیر جماعت نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت میں فیصلے کون کر رہاہے کسی کو کچھ علم نہیں۔ ایک کنفیوژن کی فضا قائم ہے اور عوام پریشان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی ریفارمز کے لیے پولیٹیکل پارٹیز کو آپس میں ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن