سعودی عرب کا قطر کیلئے آج سے پروازیں بحال کرنے کا اعلان
ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ وہ پڑوسی ملک قطر کے لیے بندش کی شکار اپنی فضائی سروس دوبارہ بحال کر رہا ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دوحا کے لیے ان کی پہلی پرواز جدہ و قطر سے 11 جنوری کو روانہ ہوگی۔ مذکورہ اعلان سعودی عرب کی قومی ایئر لائنز السعودیہ کی جانب سے ٹوئٹر پر کیا گیا۔ اس نے مطلع کیا کہ مذکورہ منزل کے لیے ٹکٹ کی بکنگ بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں گزشتہ تین برس سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) بحرین اور مصر کی جانب سے قطر پر عائد پابندی کو اب اٹھالیا گیا ہے۔ پابندی اٹھائے جانے کے بعد سعودی عرب نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے پڑوسی ملک قطر کے ساتھ اپنی زمینی، بحری و فضائی سرحدوں کو کھول رہا ہے۔