کرونا: مزید 38اموات، فعال کیسز 34ہزار 803 ہوگئے
اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ+شنہوا) پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور یومیہ کیسز میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ اموات کی تعداد 50 سے کم رہی ہے۔سرکاری پورٹل کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 899 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 38 افراد لقمہ اجل بنے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار 524 رہی۔یوں اب تک ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 2 ہزار 416 ہوگئی جس میں سے 91 فیصد یعنی 4 لاکھ 56 ہزار 969 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 644 تک پہنچ گئی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 803 رہ گئی۔پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 829کیسز کا اضافہ ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 26 ہزار 338 تک پہنچ گئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 6 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 699 تک پہنچ گئی ہے۔صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 798 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 909 ہوگئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 150 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 39 ہزار 120تک جا پہنچی۔وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 3 مریض جاں بحق ہوئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 439 تک پہنچ گئی۔گلگت بلتستان میں وبا کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 879 پر برقرار ہے۔مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔پاکستان میں کوویڈ-19 کے خلاف چین کی تیار کردہ ویکسین کی طبی آزمائش کا تیسرا مرحلہ اختتام کے قریب پہنچ چکا ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق ویکسین لگوانے والے تمام رضاکاروں کی طرف سے کوئی سنگین ضمنی اثر کی شکایت نہیں کی گئی جس کے بعد اس ویکسین کو پاکستانی عوام کیلئے محفوظ اور پراثر کہا جا سکتا ہے۔ یہ آزمائش پاکستان کے پانچ طبی مرکزوں میں تین ماہ قبل ایک ساتھ شروع کی گئی تھی۔چین برطانیہ میں نوول کروناوائرس کے نئے وائرس کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کیلئے برطانیہ جانے اور آنے والی باقاعدہ مسافر پروازوں پر پابندی برقرار رکھے گا۔چین کی شہری ہوابازی انتظامیہ(سی اے اے سی)کے مطابق تجدید شدہ معطلی کا اطلاق پیر سے ہوگا۔چین کی شہری ہوابازی انتظامیہ کو متاثرہ مسافروں کیلئے ٹکٹوں کی واپسی اور پرواز کی تبدیلیوں کے سلسلے میں ملکی وغیرملکی فضائی کمپنیوں کی جانب سے مربوط خدمات کی ضرورت ہے۔