کراچی گرین لائن اگست تک فعال‘ وفاق کے فور کا انتظام سنبھال لے گا: اسد عمر
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت گرین لائن بس منصوبہ جولائی اور اگست تک فعال ہو جائے گا اور شہر میں پہلی مرتبہ جدید ٹرانسپورٹ نظام آئے گا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل‘ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر امین الحق اور دیگر وفاقی وزراء سمیت کراچی میں جدید فائر ٹینڈر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے دو منصوبے اگلے اجلاس میں رکھا جائے گا اور صوبہ گزشتہ ایک دہائی سے کے فور مکمل نہیں کر پا رہا تھا اب وفاق اس کا انتظام سنبھال لے گا اور واپڈا اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔ کراچی میں دو منصوبے ریلوے نے کرنے ہیں۔ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ اور دوسرا کراچی فریٹ کوریڈور کا منصوبہ ہے جو کہ پی ٹی کو منسلک کرے گا اور پیری تک متبادل لائن ڈال دی جائے گی جس کے ذریعے فریٹ جائے گا۔ کراچی کے نالوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ محمود آباد گجر اورنگی کے نالوں کی صفائی اور تعمیر نو کے حوالے سے این ای ڈی کو ذمہ داری دی گئی تھی اور این ای ڈی نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے اور ماڈلنگ ہو چکی ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ وفاق نے آج سے چند ماہ قبل جو ذمہ داریاں لی تھیں‘ کراچی کو کئی دہائیوں سے اس کا حق نہیں ملا ہے اس لئے لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہادت ہیں‘ لیکن جو وعدے کئے گئے تھے‘ وہ ایک ایک کرے پورے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وہ نہیں ہوگا جیسے بلاول صاحب نے صوبے میں اپنی پارٹی کی حکومت آنے کے 49 سال بعد کہا کہ ابھی ہمیں کام کرنے کیلئے وقت درکار ہے۔