• news

سیاسی گِدھوں نے کوئٹہ میں مگرمچھ کے آنسو بہائے: فردوس عاشق

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بجلی کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت نے اقدامات کیے۔ پنجاب میں بجلی کی 9 ڈویژن میں سے 7 میں بجلی بحال ہو چکی۔ اپوزیشن نے بجلی کے معاملے میں بھی جھوٹی خبریں پھیلائیں۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امید ہے چند گھنٹے میں چھوٹے شہروں اور دیہات میں بھی بجلی بحال کر دی جائیگی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار صوبے کے ہر شہر میں بجلی کی مکمل بحالی کیلئے وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں، وہ رات گئے سے صبح تک صوبے میں بجلی کے حوالے سے صورتحال کو ذاتی طور پر مانیٹر کرتے رہے۔ انہوں نے کمشنرز اور آرپی اوز کو بھی ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ  پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی گِدھوں نے کوئٹہ جاکر مگرمچھ کے آنسو بہائے‘ لیکن سانحہ ماڈل ٹاون کے قاتل شہداء  کے ہمدرد نہیں ہوسکتے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے حکیم محمد سعید سکالرشپ تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے ملتان سے ن لیگ کے رہنماؤں دیوان عاشق اور دیوان عباس کی چوہدری پرویز الہی سے ملاقات پر دلچسپ تبصرہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے راستے کے کانٹے چن رہے ہیں۔ جبکہ (ن) لیگ والے خود کو اپنی قیادت کے بدبودار بیانیے سے الگ کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن