برطانیہ میں خزاں تک ہر بالغ کو ویکسین لگا دی جائیگی‘ سیکرٹری صحت‘ یو اے ای میں 10 فیصد آبادی نے لگوا لی
ابوظہبی‘ لندن (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) سیکرٹری صحت برطانیہ میٹ بینکوک نے کہا ہے کہ موسم خزاں تک ہر بالغل شخص کو کرونا ویکسین لگا دی جائے گی۔ لوگوں کو لاک ڈاؤن ہدایات پر عمل کرنا چاہئے۔ وائرس ماہر پروفیسر پیٹر کے مطابق کرونا صورتحال گزشتہ سال سے بھی کہیں زیادہ خراب ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں پر جرمانے کرنے پر پولیس کا دفاع کیا اور کہا کہ افسران لاک ڈاؤن کے قواعد نافذ کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔ ابوظہبی سے این این آئی کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وزارت صحت پورے ملک میں کرونا ویکسین کی قومی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 53 ہزار 859 افراد نے کرونا ویکسین کی خوراک لی ہے، ویکسین لینے والوں کی کل تعداد 9 لاکھ 41 ہزار 556 ہوگئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق کل آبادی کے 10 فیصد کرونا ویکسین لگوا چکی ہے۔ نئے کیسز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹو میں دو ہزار 998 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔