کرونا ویکسین کی متوقع درآمد امید افزاء صورتحال کا عندیہ
ملک بھر میں کرونا ویکسین کی درآمد رواں ماہ (جنوری) کے آخری ہفتے تک شروع ہونے کی توقع ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں پاکستان کا پہلا کرونا ویکسین سنٹر بھی قائم کردیا گیا ہے۔ ضلعی ہیلتھ آفیسر زعیم ضیاء کے مطابق ویکسی نیشن کی مشق بھی کی گئی ہے۔ شہریوں کی رجسٹریشن کیلئے ہیلپ لائن 1166 بھی قائم کردی گئی ہے۔ دریں اثناء کرونا کے باعث مزید 45 افراد دم توڑ گئے جبکہ فعال کیسز 33 ہزار 474 ہیں اور صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد ساڑھے 4 لاکھ سے زائد ہے جو یقیناً وطن عزیز پر اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے ورنہ ترقی یافتہ ملکوں سمیت پوری دنیا میں کرونا نے جو سارا سال ستم ڈھایا ہے وہ بھلایا نہیں جاسکتا۔ اس کے باوجود پاکستان میں مریضوں کی تعداد کم ہونا اور صحت یاب ہونے والوں میں مسلسل اضافہ رب کریم کی رحمت ہی ہے تاہم اس موذی مرض سے نجات کیلئے جہاں ویکسین سمیت علاج معالجے کیلئے تمام اقدامات ضروری ہیں وہیں احتیاطی تدابیر اور ایس او پیزپر عمل بھی ضروری ہے تاکہ اس کو مکمل شکست دی جاسکے۔