ترک وزیرخارجہ آج اسلام آباد پہنچیں گے صدر‘ وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترک وزیرخارجہ میولت چاواشولو وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ترک وزیرخارجہ کی آمد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میولت چاواشولو‘ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی‘ وزیراعظم عمران خان اور اپنے ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کریں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک ترک وزرائے خارجہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ اڑھائی سال میں ترک وزیرخارجہ کا یہ تیسرا دورہ پاکستان ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ دیرینہ تاریخی‘ ثقافتی تعلقات باہمی اعتماد اور وقار پر قائم ہیں۔