• news

پی ڈی ایم والے قائدین کیلئے این آر او ڈھونڈ رہے ملے گا نہیں: شبلی فراز

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین ماضی میں این آر او لے چکے ہیں اور ابھی بھی انہیں این آر او کی تلاش ہے۔ ان لوگوں کو این آر او دے کر ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔ لیکن اس بار وزیراعظم عمران خان ان کے سامنے ہیں جو انہیں این آر او نہیں دیں گے۔  نواز شریف نے اپنے کیسز بند کرانے کیلئے براڈشیٹ کمپنی کو رشوت کی پیشکش کی، حقائق قوم کے سامنے آ چکے ہیں اور انہیں چاہیے کہ واپس آ کر عدالتوں میں اپنے بدعنوانی مقدمات کا سامنا کریں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے کہا  کہ  پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اپنے بدعنوان قائدین کیلئے این آر او کی تلاش میں ہے۔ یہ لوگ حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے مختلف دھمکیاں دے رہے ہیں۔ خود کو جمہوریت کا چیمپئن کہنے والے جمہوری طریقے سے منتخب حکومت کو غیرجمہوری طریقے سے گرانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ اصل میں یہ جمہوری نہیں کاروباری لوگ ہیں جنہوں نے ہمیشہ سیاست کا لبادہ اوڑھ کر صرف کاروبار کیا ہے۔ اپوزیشن 2018ء انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے ہوائی باتیں نہ کرے، ثبوت ہیں تو الیکشن کمیشن کو پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور تحریک انصاف کے دھرنے کا کوئی موازنہ نہیں ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی مرضی کے انتخابی نتائج چاہتی ہیں۔ شاہد خاقان عباسی آبائی حلقے سے ہارے تو غلط، دوسری جگہ جیتے تو وہ ٹھیک۔ مولانا فضل الرحمان خود ہار گئے تو غلط، ان کا بیٹا جیت گیا تو وہ ٹھیک۔ اس طرح پک اینڈ چوز نہیں ہوتا، اب یہ لوگ ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اسی لئے عوام میں انہیں پذیرائی نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دو سال تک اپنے بدعنوان رہنمائوں کیلئے پروڈکشن آرڈر کے پیچھے لگی رہی، ان لوگوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے قانون سازی میں حکومت کا ساتھ نہیں دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے سلسلے میں حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے نیب اور الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا دینے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے منہ سے آئین و قانون کی بات اچھی نہیں لگتی کیونکہ یہ لوگ آئین و قانون پر یقین ہی نہیں رکھتے، ن لیگ کے قائد نواز شریف قانون سے بھاگے ہوئے ہیں، عدالتیں ان سے جائیدادوں کے بارے سوال پوچھتی ہیں تو یہ جواب دینے کے بجائے دھمکیاں دیتے ہیں، نواز شریف کو چاہیے کہ سیدھی طرح جواب دیں جس طرح وزیراعظم عمران خان نے دیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جمہوریت کے چیمپئن بننے والے بلاول بھٹو زرداری موروثی سیاست کر رہے ہیں۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو جماعت میں انتخاب کے بغیر خود ہی سلیکٹ ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن