چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات، اہم قومی معاملات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)ء چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر درمیان پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ، دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران پارلیمانی امور اور اہم قومی معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ایوانوں کے مابین آئین سازی اور انتظامی امور پر مثالی تعاون موجود ہے اور قانون سازی کو مزید موثر بنانے کیلئے پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت اور فعال ر بط کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، انہوں نے کہاکہ کرونا وباء کی وجہ سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاسوں کے حوالے سے مشکلات درپیش ہیں اور دونوں ایوانوں کی موثر حکمت عملی کے باعث کرونا وبائی مشکلات کے باوجود ضروری قانون سازی میں تعطل نہیں آیا، چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ایوانوں کی قیادت نے اراکین پارلیمنٹ اور ملازمین کے تحفظ کیلئے مشترکہ پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور بروقت حفاظتی تدابیر اور احتیاط کے باعث پارلیمنٹ میں کرونا و باء پر قابو پانے میں مدد ملی، چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قانون سازی اور انتظامی امور میں مثالی تعاون پر سپیکر قومی اسمبلی کے شکر گزار ہیں۔