ڈولفن سکواڈ پولیسنگ میں مثبت تبدیلی کا علمبردار ہے:سی سی پی او
لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے گزشتہ روز ڈولفن سکواڈ ہیڈ کوارٹرز والٹن کا دورہ کیا۔ سربراہ لاہور پولیس نے ڈولفن ہیڈ کوارٹرز میں شجر کاری مہم کے تحت ایروکیریا کاپودا لگایا۔ پی آر یو کی مکینیکل ورکشاپ، ڈولفن وائرلیس اینڈ سیکیورٹی کنٹرول روم اور اوپس روم میں '' ای ''پولیس ایپ کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے وزٹر بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے اس موقع پر ایس پی ڈولفن نے سیکیورٹی کنٹرول، ای پولیس ایپ و اوپس روم کے بارے تفصیلا بریفنگ پیش کی۔ سی سی پی او نے اہلکاروں و افسران سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈولفن سکواڈ کا ہراہلکار سمارٹ اور عوام دوست پولیسنگ کے حوالے سے مثبت تبدیلی کاعلمبردار ہے۔ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کی انتھک محنت سے سٹریٹ کرائم میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔امن کے قیام اور جرائم کی سرکوبی کے لئے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ محسن علی کی شہادت نے ثابت کیا کہ ہم عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے جان بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتے۔ اور پولیسنگ کا مستقبل ڈولفن سکواڈ، پی آریو جیسے جدید آپریشنل یونٹس میں پنہاں ہے۔ خطاب میں ڈی ایس پیزڈولفن سکواڈسمیت ڈولفن اور پولیس ریسپانس یونٹ کے افسران اور جوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ سربراہ لاہور پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ڈولفن فورس مصیبت کا شکار شہریوں کی بروقت مدد کے حوالے سے برق رفتار فرسٹ ریسپانسڈر ہے۔ڈولفن سکواڈ کی جدید پیشہ وارانہ مہارت اورشاندار کمیونٹی پولیسنگ کی وجہ سے لوگوں کا پولیس پر اعتماد بحال ہوا ہے۔شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز کی پابندی خود پر لازم کر لیں کیونکہشہریوں کے ساتھ آپ کا بہترین طرزعمل پولیس کے مثبت تشخص کا باعث بنتا ہے۔ڈولفن سکواڈ لاہور پولیس کا نمایاں چہرہ ہیں اس معاشرے نے آپ کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری ڈالی ہے۔اپنے قول و فعل و کردار سے اس ذمہ داری کو نبھانہ اب ہمارا فرض ہے۔