• news

وزیراعظم کے اپنے ہی لوگ انہیں گم راہ کر رہے ہیں: مراد شاہ

لاہور (نیٹ نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مردم شماری کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے لوگوں کے ساتھ زبانی جمع خرچ نہ کریں، سندھ کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے میں قربانی دینی پڑتی ہے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ 'مجھے معلوم ہے کہ قربانی دینا آپ کے بس میں نہیں ہے کیونکہ چلانے والا کوئی اور ہے'۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے مردم شماری منظور کرلی اور ایک ممبر نے اعتراض کردیا اور بات ختم ہوگئی، ایسے بات نہیں ختم ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ آپ وفاقی حکومت کی حمایت نہ چھوڑیں لیکن ایسے اہم مسئلے پر سندھ کے لوگوں کے ساتھ تو کھڑیں ہوں۔ سندھ میں گیس کی ترسیل میں کمی سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 158 میں واضح ہے کہ جہاں سے گیس نکلتی ہے اس کا زیادہ حق ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے 28 دسمبر کو وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں آرٹیکل 158 کا تذکرہ کیا اور گیس کی ترسیل میں کمی کے معاملے پر حالات کی سنجیدگی کا احساس دلایا'۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کے اپنے لوگ ہی انہیں گمراہ کررہے ہیں جو مسلسل گمراہ ہوتے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں 25 سے 26 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پروڈکشن ہے اس لیے ہمیں زیادہ نہیں تو کم از کم 15 سے 16 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق گیس کے معاملے میں سندھ کے ساتھ زیادتی کررہا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 10 دن کے دوران دو مراسلے وفاق کو ارسال کیے اور ہر ایک کے جواب میں سارا ملبہ گزشتہ حکومتوں پر ڈال دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'وفاق کی سطح پر خراب انتظامی معاملات کی وجہ سے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے، ہم پر جتنے مقدمے بنانے ہیں بنائے جائیں لیکن ہمیں کوئی خوف نہیں ہے کیونکہ ہم سیدھے راستے پر ہیں'۔ دریں اثناء کرونا وائرس کی وباء نے اسمبلی کے اجلاس کے طور طریقے بھی بدل دیئے ہیں۔ منگل کو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسمبلی سیشن آن وہیل کا بھی ایک ریکارڈ قائم ہو گیا۔ جی ڈی اے کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی دوران سفر اپنی گاڑی سے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں آن لائن شریک ہوئیں جس پر ایوان میں قہقہے لگے اور دلچسپ تبصرے بھی کئے گئے۔دریں اثناء سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ سندھ میں گیس کے ذخائر صرف 12 سال کے رہ گئے ہیں جبکہ تیل کے  ذخائر بھی بتدریج کم ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ کی گیس پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ سندھ کی گیس لائنوں کے ذریعے سوئی ناردرن کو دی جا رہی ہے۔ سندھ اسمبلی میں محکمہ توانائی سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے  تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ میں مزید 12 سے 15 سال تک گیس دستیاب ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن