• news

احمد فراز کا یوم ولادت منایا گیا‘ مظلوم کشمیریوں محکوم اقوام کیلئے آواز اٹھائی‘ شبلی آمروں کیخلاف حق بات کی‘ بلاول

اسلام آباد (اے پی پی‘ وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنے ہیروز کو یاد رکھتیں اور ان کے افکار کو آگے بڑھاتیں ہیں وہی حقیقت میں پسے ہوئے طبقات کے مسائل کو حل کرتے ہوئے ترقی کے اہداف حاصل کرتی ہیں۔ احمد فراز پاکستان کا اثاثہ تھے جنہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے پسے ہوئے طبقات کی ترجمانی کی۔ پاکستان کے عوام نے احمد فراز کو جو محبت دی اس کی نظیر نہیں ملتی۔ وہ پیر کو ایچ ایٹ قبرستان میں اپنے والد سید احمد شاہ (احمد فراز) کے یوم پیدائش پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے ایچ ایٹ قبرستان میں احمد فراز کی قبر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ احمد فراز 12جنوری 1931کو کوہاٹ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔ احمد فراز نے انسانیت کا پیغام دیا اور مظلوم اقوام کے حق میں آواز بلند کی۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام احمد فراز ٹرسٹ کے اشتراک سے اردو کے عہد ساز شاعر احمد فراز کی 90ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ ’’احمد فراز قومی ادبی سیمینار‘‘ میں کیا۔ وہ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔  مجلس صدارت میں پروفیسر فتح محمد ملک اور محمد اظہار الحق شامل تھے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ احمد فراز ایک بااصول انسان تھے، وہ کبھی اپنے نظریات اور آدرش سے پیچھے نہیں ہٹے ۔ انہوں نے مظلوم کشمیریوں، فلسطینیوں اور افریقہ کے محکوم اقوام کے لیے شاعری کی صورت میں جدوجہد کی۔ وہ  محبت اور انسانیت کے شاعر تھے۔ وہ پاکستان کی طرف سے محبت اور دوستی کے سفیر تھے۔ شبلی فراز نے کہا کہ احمد فراز نے کمزور اور پسے ہوئے طبقات کے لیے نہ صرف شاعری کے ذریعے جدوجہد کی بلکہ عملی طور پر بھی شریک رہے۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مایہ ناز شاعر مرحوم احمد فراز کے یومِ ولادت پر پیغام میں کہا کہ فراز جمہوریت کا ترجمان تھا، آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں کے خلاف ہمیشہ حق بات کہی۔ انہوں نے عوام کے جذبات کو لگی لپٹی رکھے بغیر الفاظ کی صورت میں ڈھالا۔ ہر جمہوریت پسند احمد فراز کا وارث ہے، جس کی کل جمع پونجی ترقی پسند سوچ اور رجعت پسند سٹیٹس کو کے خلاف مزاحمت تھی۔ احمد فراز کو خراج عقیدت پیش کرنے کا احسن انداز جمہوریت دشمنوں کے خلاف جدوجہد کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن