سردار عتیق کی ملاقات‘ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے: شجاعت‘ پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے مسلم کانفرنس کے سربراہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق اور ان کے صاحبزادے سردار عثمان عتیق نے گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات میں رکن قومی اسمبلی سالک حسین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قائداعظم نے فرمایا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ اور کشمیر میں مسلم کانفرنس کی موجودگی میں جماعت سازی نہیں کی جا سکتی، ہم قائد کے اس فرمان پر آج بھی عمل پیرا ہیں اور ہمارا بھی یہی موقف ہے کہ مسلم لیگ کانفرنس کو روز اول سے قائداعظم کی تائید و حمایت حاصل رہی، اسی سوچ کو آگے بڑھانے کیلئے مسلم کانفرنس کے ساتھ سیاسی اتحاد اور تعاون جاری رہے گا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی روشنی میں کشمیریوں کی حمایت جاری رہے گی اور اس تحریک کو حتمی نتائج آنے تک مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ساری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد کو انشاء اللہ ضرور کامیابی ملے گی۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے فرمان کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کے ہوتے ہوئے جماعت سازی نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر پوری کشمیری قوم آپ کے ساتھ ہے، کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا، ہندوستان کے ظلم و جبر کے خاتمے کا وقت قریب ہے۔