چیئرمین نیب کیخلاف قرارداد: مذاکرات بے نتیجہ‘ سلیم مانڈوی والا فیصلے پر قائم
اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور حکومتی ٹیم سے مذاکرات کے باوجود ڈپٹی چیئرمین نیب سلیم مانڈوی والا چیئرمین نیب کے خلاف قرارداد اور تحریک التواء لانے کے اعلان پر قائم ہیں اور کہا ہے کہ اپوزیشن نیب کے خلاف معاملہ سے پیچھے نہیں ہٹی۔ جبکہ بابر اعوان کا کہنا ہے کہ فیصلہ ایوان میں ہوگا۔ چیئرمین سینٹ نے نیب سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس آج طلب کر لیا۔ ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا اور اپوزیشن کے نیب سے متعلق تحفظات کے بارے میں اہم مذاکراتی میٹنگ چیئرمین سینٹ کے چیمبر میں ہوئی۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا مشیرپارلیمانی امور بابر اعوان اور قائد ایوان شہزاد وسیم شریک ہوئے۔ سلیم مانڈوی والا نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ خصوصی کمیٹی کے قیام کی تجویز کے باوجود ڈپٹی چیئرمین نیب کیخلاف قرارداد اور تحریک التواء ایوان میں پیش کرنے سے پیچھے ہٹنے پر آمادہ نہ ہوئے۔ صحافیوں سے گفتگو میں سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نیب کے خلاف قرارداد اور تحریک التوا کے فیصلے پر قائم ہیں۔ بابر اعوان کا کہنا ہے ڈپٹی چیئرمین کے نیب کے حوالے سے تحفظات پر فیصلہ چیئرمین سینٹ ہی کریں گے۔ نیب سے متعلق تحفظات پر پارلیمنٹ ہائوس میں ایک اور بیٹھک لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔