کرونا، ڈاکٹر سمیت مزید41 ہلاکتیں2498نئے کیس، ویکسین پر جلد خوشخبری دینگے: اسد عمر
اسلام آباد+ حافظ آباد (خصوصی نمائندہ+نمائندہ نوائے وقت) کرونا وائرس سے مزید 41 افراد جاں بحق ہو نے کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 717 ہوگئی، پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 6 ہزار 701 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 408 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 46 ہزار 16، سندھ میں 2 لاکھ 27 ہزار 885، خیبر پی کے میں 61 ہزار 648، بلوچستان میں 18 ہزار 429، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 882، اسلام آباد میں 39 ہزار 340 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 501 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں 4 ہزار 299، سندھ میں 3 ہزار 708، خیبر پی کے میں ایک ہزار 743، اسلام آباد میں 443، بلوچستان میں 188، گلگت بلتستان میں 101 اور آزاد کشمیر میں 235 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات کی تعداد19لاکھ53 ہزارتک پہنچ گئی۔ بھارت میں مہلک کرونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ4 لاکھ79ہزار تک پہنچ گئی، ملک کی مختلف ریاستوں میں کرونا سے اب تک ایک لاکھ 51 ہزار3 سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، کرونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے بھارت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ دریں اثنابھارتی حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے خلاف 16 جنوری سے ویکسینیشن مہم شروع کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں تین کروڑ افراد کو ویکسین لگائی جائے گی جن میں ڈاکٹر اور دیگر طبی اہلکار شامل ہیں۔ ادھر برطانیہ میں مہلک کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد82 ہزار تک پہنچ گئی، ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 31 لاکھ18 ہزار سے زائد ہے۔ ملک میں کرونا متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، اس وقت ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد1629591ہے۔ برطانیہ کے مختلف شہروں اور علاقوں میں اس جان لیوا وائرس سے اب تک 82 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دریں اثناء وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا ویکسین کیلئے چینی کمپنی سے بات چیت جاری ہے‘ جلد خوشخبری دینگے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے اسلام آباد م یں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کرونا وباء کے دوران پاکستانی پالیسیوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی‘ اقوام متحدہ‘ بل گیٹس اور دیگر عالمی اداروں نے پاکستان کی تعریف کی‘ بروقت فیصلے نہ کئے جاتے تو نقصان کا اندیشہ تھا‘ وباء کے ساتھ زندگی گزارنے کی عادت ہو گئی ہے۔ اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا سے 2 کروڑ سے زائد افراد کا روزگار متاثر ہوا‘ حکومت نے صحت کیساتھ لوگوں کے روزگار کو بھی مدنظر رکھ کر فیصلے کئے۔ وباکے دوران پاکستان کی پالیسیوں پر عملی سطح پر پذیرائی ہوئی‘ ویکسین کے حصول کیلئے تیزی سے فیصلے کر رہے ہیں۔ دوسری لہر سے بچاؤ کیلئے عوام احتیاط کریں۔ ملائیشیا میں کرونا کیسز میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے بادشاہ السلطان عبداﷲ نے کرونا وباء سے مقابلہ کرنے کے لئے وزیراعظم محی الدین یاسین کی درخواست پر ملک بھر میں یکم اگست ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔ پشاور میں کرونا وائرس سے ایک اور ہیلتھ ورکر جاں بحق ہو گئی ہے۔ ترجمان نرسنگ ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق پبلک ہیلتھ سکول حیات آباد کی انسٹرکٹر گلشن آرا کرونا وائرس سے لڑتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔ مرحومہ گزشتہ چار ماہ سے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں زیرعلاج تھیں‘ گلشن آراء کی نماز جنازہ انکے آبائی گاؤں پچگی میں ادا کی گئی۔ ضلع ساہیوال کرونا سے ہائی سیکیورٹی جیل کے ڈپٹی سپر ٹنڈنٹ کی اہلیہ اور80 سالہ معمر مریض جاں بحق‘ ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ایمر جنسی کرونا وارڈ میں ہائی سیکیورٹی جیل کے ڈپٹی سپر ٹنڈنٹ ٹیپو سلطان کی 45سالہ اہلیہ نازش اور 80 سالہ بشیر احمد کرونا سے جاں بحق ہو گئے۔ ڈپٹی سپر ٹنڈنٹ ہائی سکیورٹی جیل کی بیوی نازش کو کرونا کے سبب 10جنوری کو کرونا آئسو لیشن وارڈ میں دا خل کرایا گیا تھا کہ آج دم توڑ گئی۔جبکہ کوٹ خادم علی شاہ کا80سالہ بشیر احمد6جنوری سے کرونا وارڈ میں زیر علاج تھا کہ دم توڑ گیا۔حافظ آباد میں کرونا سے متاثر ڈی ایچ او ڈاکٹر افتخار ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر رحمت اﷲ کے مطابق ڈاکٹر افتخار احمد کچھ دنوں سے کرونا میں مبتلا تھے۔