پرائس کنٹرول میکنزم پر موثر عملدرآمد، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی جاری رکھی جائے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی، سیاسی و اہم امور اور محکمے کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ اسلم اقبال نے وزیراعلیٰ کرونا سے صحت یاب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ عثمان بزدار نے پرائس کنٹرول کے لئے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے پرائس کنٹرول میکنزم پر مزید موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ عوام کا مفاد سب سے پہلے مقدم ہے۔ کسی کو شہریوں کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں۔ قیمتوں کے ساتھ کوالٹی کی بھی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے۔ ریٹ لسٹ سے زائد پر اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان بھی ملے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، گندم، آٹے کے سٹاک و قیمتوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے وزیراعلیٰ کوگندم و آٹے کے سٹاک و نرخوں اور اپنے محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گندم و آٹے کے سٹاک و نرخوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20کلو آٹے کا تھیلا مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے۔ حکومت کے بروقت فیصلوں سے آٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام دینگے ۔ عوام کو ریلیف دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور فرض بھی۔کسی کو صوبے کے عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔ پی ڈی ایم مسترد شدہ اور مایوس عناصر کا غیر فطری اتحاد ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کیا۔ قوم کا پیسہ لوٹنے والے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ عوام باشعور ہیں اور نا اہل و کرپٹ چہروں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ اپوزیشن کا منفی کردار افسوسناک ہے اور اپوزیشن جان لے کہ بیان بازی سے عوام کی خدمت نہیں ہو سکتی۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول پنجاب اسجد غنی کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔