• news

انجری سے ٹھیک ‘پریکٹس شروع‘جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلئے تیار ہوں : بابر اعظم

لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ انجری سے مکمل ٹھیک ہوگیا ہوں پریکٹس شروع کردی ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کیلئے مکمل تیار ہوں۔ بڑی خوشی ہے طویل عرصے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان آرہی ہے جنوبی افریقہ کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کی سیریز میں تماشائیوں کی کمی محسوس ہوگی۔ ان فٹ ہوکر سیریز نہ کھیل سکنے کا افسوس ہے۔ ٹیم کو میری ضرورت تھی مگر میں نہیں کھیل سکا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔جنوبی افریقہ اچھی ٹیم ہے اس کیخلاف کامیابی اہم ہوگی۔ ابھی نئے چیف سلیکٹر سے ملاقات نہیں ہوئی۔ ٹیم کے حوالے سے ابھی بات نہیں ہوئی صورت حال دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔ محمد حفیظ سینئر کھلاڑی ہیں ان سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز کیلئے محمد حفیظ کو روکنے کیلئے کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔ عبداللہ شفیق اور دیگر کھلاڑیوں میں بڑا کھلاڑی بننے کی صلاحیت ہے۔ محمدعامر کی پرفارمنس اتنی اچھی نہیں تھی جس کی بنا پر ڈراپ ہوئے۔ محمد عامر پرفارم کریں گے تو سلیکٹرز ضرور ان سے بات کریں گے۔ ایک سیریز کی کارکردگی کی بنیاد پر تنقید کرنا اچھی چیز نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن