مقدس مقامات کی سیاحت کے فروغ سے 5 ارب ڈالرز کما سکتے ہیں: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی سربراہی میں قائم مذہبی سیاحت اور ورثہ کمیٹی کا مسیحوں کیلئے بڑا تحفہ۔ مسیحی کیمونٹی کے مقدس ترین مقام ’’زیارت مقدس مر یم‘‘ کی تزئین و آرائش کیلئے ماسٹر پلان بنانے کا فیصلہ۔ گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے فوری طور پر مریم آباد چرچ میں فلٹریشن پلانٹ لگانے کا بھی اعلان کردیا جبکہ شیخوپورہ روڈ سے مریم آباد تک 66ملین روپے کی لاگت سے زیر تعمیر سڑک کے کام کو بھی تیزکرنے کی ہدایت کردی۔ گورنر محمد سرور کی سر براہی میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے قائم مذہبی سیاحت اور ورثہ کمیٹی صوبہ بھر میں تمام مذاہب کے مقدس مقامات کی تزئین و آرائش کیلئے کام کر رہی ہے۔ کمیٹی کے سربراہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم اور مسیحی کیمونٹی کے دیگر نمائندگان کے ہمراہ زیارت مقدس مریم (مریم آباد) کا دورہ کرتے ہوئے وہاں انتظامات اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ زیارت مقدس مریم اور چرچ سمیت دیگر مقامات کا تفصیلی دورہ کرنے کے بعد ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ زیارت مقدس مریم کی تزئین وآرائش سمیت وہاں سیاحوں کیلئے تمام سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ماسٹر پلان بنایا جائے گا جس کے تحت سیاحوں کیلئے وہاں رہائشی کمرے، ہوٹل اور دیگر سہولتوں کی فراہمی بھی شامل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ خوشی قسمتی سے پاکستان میں مسیحوں اور سکھوں سمیت تمام مذاہب کے ایسے مقدس مقامات موجود ہیں جہاں پر سیاحت کے فروغ کے ذریعے ہم سالانہ 4/5ارب ڈالرز حاصل کر نے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صرف زیارت مقدس مریم پر سالانہ 1.2ملین سے زائد لوگ مذہبی فرائض کی ادائیگی کے لیے آتے ہیں۔ جب زیارت مقدس مریم پر سیاحوں کیلئے تمام بنیادی سہولتیں موجود ہوں گی تو آنے والوں کی تعداد میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔