• news

حافظ آباد‘ پنڈی بھٹیاں گیس‘ حجرہ شاہ مقیم‘ ٹوبہ میں بجلی کی بھی لوڈشیڈنگ

حافظ آباد،پنڈی بھٹیاں (نامہ نگاران ) حافظ آباد میں گیس کا بحران سنگین ہو گیا جبکہ حجرہ شاہ مقیم، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگر علاقوں میں گیس کیساتھ ساتھ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے بھی لوگوں کی زندگی اجیرن ہو گئی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد شہر اور نواحی دیہات میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث شدید سردی میں شہری پریشان ہو  گئے۔بجلی محلہ، ٹیچرز کالونی، رحمت آباد، علی پورروڈ، ڈہاب والہ ،محلہ کشمیر نگر، قادرآباد، ریلوے روڈ ، بہاولپور شرقی ،غربی،محلہ اختر ٹائون سمیت درجنوں دیہات کے مکین کئی ہفتوں سے سوئی گیس سے محروم چلے آرہے ہیں ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر اور گردونواح میں بجلی کی غیر العانیہ طویل لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی بری طرح ٹھپ کر دیا۔ حجرہ شاہ مقیم  سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حجرہ شاہ مقیم میں بجلی و گیس کا بحران جاری گیس کی بندش سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے جبکہ تین دنوں کے دوران بجلی کی بار بار ٹرپنگ کی وجہ سے پانی نایاب ہو گیا شہری دور دراز علاقوں میں نلکے  تلاش کرتے رہے بجلی 48گھنٹوں سے شہریوں کو پریشان کرتی رہی جبکہ گھروں میں گیس بندش کی وجہ سے کھانا پکانے میںخواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق سردی کے موسم میں صبح و سویرے گیس کی لوڈشیڈنگ سے گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں۔جبکہ لکڑیاں اور گیس سلنڈر بھروانے جائیں تو وہ بھی بہت مہنگا ہے علاقہ کے لوگ کہتے ہیں کہ ہرسال پیش آنے والے گیس بحران کے خاتمہ کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اْٹھائے جاتے۔

ای پیپر-دی نیشن