• news

جاپانی سفیرکی شیخ رشید سے ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان میں جاپان کے سفیر نے منگل کو یہاں  ملاقات کی جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں جاپان کے کردار کی تعریف کی۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین دیرینہ تعلقات استوار ہیں ،جاپان نے مشکل حالات میں بھی ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وباء کے خلاف مدد پر جاپان کی حکومت کے شکر گزار ہیں۔  جاپان کے سفیر نے پاکستان میں امن وامان سے متعلق اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی ترقی کے لئے پر امید ہیں۔جاپانی سفیرنے آئی سی ٹی کی سکیورٹی اور پولیس چیک پوسٹوں کے حوالے سے حالیہ اقدامات کی تعریف کی  ۔جاپانی سفیر نے کہا کہ غیر ضروری چیک پوسٹیں ختم کرنے سے عوام کی آمدورفت میں سہولیات پیدا ہوئی ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پولیس کی پیشہ وارانہ تربیت کے حوالے سے جاپان کی حکومت سے تعاون لیں گے۔  وزرات داخلہ کے مختلف منصوبوں میں جاپانی حکومت کے مالی اور تکنیکی تعاون پر مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں باہمی اشتراک بڑھانے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن