• news

سندھ ہائیکورٹ: ملازمین اساتذہ  کو بچے سرکاری سکولوں میں ڈالنے کا حکم 

کراچی (این این آئی) سندھ ہائیکورٹ نے اساتذہ تنظیموں کو طلبا کی فلاح بہبود کے لئے اقدامات کرنے اور محکمہ تعلیم کے ملازمین و اساتذہ کو اپنے بچے سرکاری سکولوں میں داخل کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ جسٹس صلاح الدین پھنور نے ریمارکس دیئے کہ ایسا سسٹم ہوگیا ہے کہ ہر کوئی اپنی نوکری بچانے کے در پے ہے۔ تنخواہ چھٹیاں اور اپنے مفادات کے علاوہ کسی کو کوئی سروکار نہیں۔ اساتذہ تنظیمیں بتائیں کے انہوں نے تعلیم کی بہبود کے لئے آج تک کیا اقدام اٹھائے؟۔ عدالت نے کہا کہ تنظیمیں بنانے کا مقصد الیکشن لڑنا، ہڑتالیں کرنا نہیں، بلکہ تعلیم کے لئے کام کرنا ہونا چاہیے۔ آج تک اساتذہ نے کوئی ایسی پٹیشن فائل نہیں کی جس سے طلبا کا فائدہ ہو؟ عدالتی حکم پر اساتذہ تنظیموں نے تحریری طور پر یقین دہانی کرا دی۔ اساتذہ تنظیموں کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اساتذہ تنظیمیں طلبا کی فلاح بہبود کے لئے استعمال کی جائیں گی۔ عدالت نے حکم دیا کہ اساتذہ اور دیگر سرکاری افسر اپنے بچوں کو پرائمری سکولوں میں داخل کرائیں۔

ای پیپر-دی نیشن